بھٹکل 30 جنوری (ایس او نیوز) یہاں موڈ بھٹکل کے قریب ماروتی نگر نیشنل ہائی وے 66 پر ایک اسکوٹر حادثہ کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں اسکوٹر سوار شدید زخمی ہوگیا۔ زخمی نوجوان کی شناخت تعلقہ کے شرالی کے رہائشی مہیش منجوناتھ نائک (30) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ حادثہ اتوار شام قریب 8:45 بجے پیش آیا ہے۔
پتہ چلا ہے کہ ممبئی کی کمپنی کا سوفٹ وئیر انجینئر مہیش کووڈ کی وجہ سے بھٹکل میں اپنے مکان سے ہی (ورک فروم ہوم) کام کررہا تھا۔ آج اتوار شام کو سوڈی گیدے جاکر واپس اپنے گھر شرالی جارہا تھا جس کے دوران حادثہ پیش آیا۔
اس بات کا پتہ نہیں چلا ہے کہ آیا کسی سواری نے اس کی اسکوٹر کو ٹکر دے کر فرار ہوگئی ہے یا پھر اسکوٹر سڑک پر پھسل جانے سے وہ نیچے گرا تھا۔
قریب سے گذرنے والے لوگوں نے مہیش کواسکوٹر سمیت سڑک کنارے شدید زخمی حالت میں گرا ہوا دیکھ کر فوری اسے سرکاری اسپتال پہنچایا، جہاں سے اسے ابتدائی طبی امداد کے بعد اُڈپی اسپتال روانہ کیا گیا ہے۔
حادثے میں مہیش کے سر، چہرہ اور بائیں بازو کو شدید چوٹ لگی ہے۔